Awais Azmi is a philosophy graduate and a well-known poet, widely recognized for his excellence in bait bazi and for winning several competitions in the art.
خواب دیکھا نہیں کہ تم سے کہیں
دن بھی نکلا نہیں کہ تم سے کہیں
پیار تو اب بھی تم سے ہے لیکن
اب تمنا نہیں کہ تم سے کہیں
پانی سر سے گزر گیا ہے بہت
پھر بھی اتنا نہیں کہ تم سے کہیں
دوست سارے جہاں کا دکھ ہے ہمیں
صرف اپنا نہیں کہ تم سے کہیں
جان تم سے عزیز ہے لیکن
اتنی زیادہ نہیں کہ تم سے کہیں
کوئی تم سے بھی خوب صورت ہے
خیر، اتنا نہیں کہ تم سے کہیں
(اویس اعظمی)
میں نے نشّے میں پھول چوم لیے
دوست پھول اچھے رہ گئے تم سے
ایک دو خواب تھے ہمارے پاس
وہ بھی دیکھے نہیں گئے تم سے
(اویس اعظمی)
ڈوبتا جاتا ہے اس پار کہیں دن میرا
پھیلتی جاتی ہے اک آگ سی دریاؤں میں
اور ہی اک نگر آباد کیا ہے دل نے
تیرے دریاؤں سے دور اور ہی دنیاؤں میں
چاندنی راتوں میں کیا پھول کھلا کرتے ہیں
دیکھنا ہوں تو کبھی آنا مرے گاؤں میں
(اویس اعظمی)