Jafar Ali Jafar is an MPhil Scholar (History), and a well-known Punjabi & Urdu Poet.
ویران زمینوں پہ کڑی دھوپ کی بارش
سنسان دماغوں میں غم و یاس کے موتی
آلودہ و بیمار ، زہرناب ہوا میں
یوں ٹوٹ کے بکھرے ہیں مری ذات کے ذرے
جیسے کسی مقتل میں گریں خون کے چھینٹے
جیسے کسی مرقد پہ پڑی پھول کی پتیاں
جیسے کسی کوچے میں ہوں تخریب کے چرچے
جیسے کوئی طوفان کسی دشت سے گزرے
اک یاد گزر جاتی ہے یوں قلب و جگر سے
اک درد مگر جسم میں ٹھہرا ہے مسلسل
اک راکھ، کبھی آگ کی صورت نہیں ابھری
اک شوق، کسی سمت بھی مائل نہیں ہوتا
اک راہ پہ قدموں کے نشاں تک نہیں لیکن
اک آنکھ کہ رستے کی طرف دیکھ رہی ہے
جعفر علی جعفر